دہشتگردی کیخلاف قوم کا بیانیہ ایک، نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار بحال کیا جائیگا، وزیراعظم

June 27, 2022

لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی، مانیٹرنگ سیل) وزیراعظم شہباز شریف اسٹریٹ کرائم بڑھنے اظہار تشویش کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس کے بارے میں لوگوں کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے بدل سکتی ہے.

4برسوں کے دوران نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی بڑھی، اسے بحال کیا جائیگا، قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،معیشت کی بحالی اور ملکی ترقی کیلئے امن و امان کا یقینی ہونا بنیادی تقاضا ہے.

پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، امن دشمنوں کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، دہشت گردی کیخلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں اپنی زیر صدارت اجلاس کیا ،اس موقع پر انہوں نے FATFشرائط کی تکمیل پر اداروں کی ستائش بھی کی۔

منشیات کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کو محدود کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی.

نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیاجائیگا جو گزشتہ چار سال میں موجود نہیں تھا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے ہیلتھ کیئر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں اسٹرٹیجک اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کیخلاف اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ہمیں نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے بچانے اور انکی صحت اور تندرستی کے تحفظ کیلئے اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اور اسمگلنگ کے راستوں کی قربت غیر قانونی منشیات سے لاحق خطرات میں اضافہ کرتی ہے.

پاکستان نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق تمام عالمی کنونشنز اور پروٹوکول پر دستخط کر رکھے ہیں اور اس نے منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے معاملے پر تقریباً 40ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئےہیں،ہم اپنے عالمی وعدوں کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔