کراچی: حیدرآباد کالونی میں پینے کے پانی میں گٹر کا پانی اور سوئی گیس شامل

June 27, 2022


کراچی کے علاقے حیدرآباد کالونی میں ترقیاتی کام کے دوران سوئی گیس کی لائنیں ٹوٹنے سے گیس پھیل گئی، جس کے باعث علاقہ مکین خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہترقیاتی کام کے لیے کی گئی کھدائی میں گیس، سیوریج اور واٹر سپلائی کی لائنیں ٹوٹ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ لائنیں ٹوٹنے سے گھروں میں پینے کے پانی میں گٹر کا پانی اور سوئی گیس شامل ہوگئی۔

علاقہ مکینوں کا بتانا تھا کہ انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور واٹر بورڈ کو شکایت کی مگر ان کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگی۔

گیس اور پانی کی پائپ لائنیں ایک دوسرے میں شامل ہونے اور ٹینک میں گیس جمع ہونے سے کسی بڑے حادثے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ جب اس علاقے میں ایک خاتون نے چولہا جلایا تو گیس کے دھماکے سے ان کے ہاتھ جل گئے۔