امریکا: پولیس نے سیاہ فام نوجوان کو 60 گولیاں برسا کر قتل کردیا

July 04, 2022

امریکی پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والا نوجوان جے واکر

امریکی ریاست اوہائیو میں 8 پولیس افسران نے سیاہ فام نوجوان پر 60 گولیاں داغ ڈالیں، 25 سالہ جے واکر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

گزشتہ روز جاری ہونے والی ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جنہوں نے ایک غیر مسلح سیاہ فام شہری پر فائرنگ کی۔

جے واکر نامی نوجوان نے ٹریفک کی معمولی خلاف ورزی کی تھی جس پر اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو وہ بھاگ نکلا۔

چند منٹ تک پولیس نے اس کی گاڑی کا پیچھا کیا، جے واکر گاڑی روک کر بھاگنے لگا جس کے بعد پولیس نے اس پر فائرنگ کی۔

پولیس نے الزام لگایا کہ جے واکر نے ہم پر فائر کیا تھا جس کی وجہ سے اس کو روکنے کی کوشش کی اور بھاگنے پر فائرنگ کی۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جے واکر کو کتنی گولیاں لگیں لیکن پولیس اہلکاروں کے باڈی کیمرے سے ملنے والی فوٹیجز دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ سیاہ فام شہری پر درجنوں گولیاں چلائی گئیں۔

پولیس چیف کا کہنا تھا کہ افسران نے جے واکر کو طبی امداد دینے کی کوشش کی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

سیاہ فام شہری کے قتل میں ملوث 8 پولیس اہلکاروں کو چھٹیوں پر بھیج دیا گیا ہے۔