اینڈرسن کو بزرگ کہنا سہواگ کو مہنگا پڑگیا، سوشل میڈیا پر زبردست تنقید

July 05, 2022

کولاج فوٹو: فائل

سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر وریندر سہواگ کی جانب سے انگلینڈ ٹیم کے سینئر رکن جیمز اینڈرسن کو بزرگ کہنا مہنگا پڑ گیا۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں جب رویندر جادیجا 10 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے تو اس وقت ان کا کیچ اینڈرسن کی جانب گیا لیکن گیند کی بلندی زیادہ ہونے کی وجہ سے فاسٹ بولر اس کیچ کو پکڑ نہیں پائے۔

کولاج فوٹو: فائل

کیچ کے چھوٹتے ہی کمنٹری پینل میں موجود وریندر سہواگ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بزرگ‘ اینڈرسن نے کیچ چھوڑ دیا۔

جب یہ کیچ ری پلے میں دکھایا گیا تو اس پر بھی وریندر سہواگ نے جیمز اینڈرسن کو بزرگ کہہ کر پکارا۔

ان کے اس تبصرے پر کرکٹ شائقین کی جانب سے نہ ختم ہونے والی تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ایک نے سہواگ اور اینڈرسن کی عمر کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی تقریباً ایک عمر کے ہیں لیکن اینڈرسن ابھی بھی بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ سہواگ کافی عرصہ قبل اسے چھوڑ چکے ہیں۔

ایک صارف نے سہواگ کے لیے تحریر کیا کہ اصل بزرگ تو وہ خود ہیں۔

ایک نے سہواگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت زیادہ ہوگیا، سہواگ کو لگتا ہے کہ وہ تبصروں کے دوران کچھ بھی بول سکتے ہیں، وہ کمنٹری پینل سے کیوں نہیں نکالے جاتے۔‘