جو روٹ ٹیسٹ، بابر اعظم ون ڈے اور ٹی 20 میں نمبر ون بیٹر

July 07, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ اور بھارت کے برمنگھم ٹیسٹ کے اختتام پر جاری ہونے والی نئی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں انگلینڈ کے جوروٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں عالمی نمبر ایک پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھا نمبر ہے۔ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارنوس لابو شین دوسرے، اسٹیو اسمتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارت کے رشابھ پنت پانچ درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ایک درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے۔ انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے۔ گیارہ درجے ترقی کے بعد دسویں نمبر پر آ گئے۔ویرات کوہلی چھ برس بعد ٹاپ 10سے باہر ہوکر 13ویں نمبر پر چلے گئے۔ ٹیسٹ بولرز میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا نمبر ہے۔ بھارت کے روی چندرن ایشون رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارت کے جسپریت بمرا کا تیسرا اور پاکستان کے شاہین آفریدی کا چوتھا نمبر ہے ۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے اور پاکستان کے حسن علی ایک درجے ترقی کے بعد پندرھویں نمبر پر آ گئےہیں۔