7 ٹیوب ویلز، بڑی ٹینکی کے باوجود گوالمنڈی کے رہائشی پانی قلت سے دوچار

July 07, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) 7 ٹیوب ویلوں اورپانی کی بڑی ٹینکی کے باوجود گوالمنڈی کے رہائشیوں کو شدیدگرمی میں پانی کی قلت کاسامناہے ، کنٹونمنٹ بورڈ واٹرسپلائی کے عملے کی غفلت اورعدم توجہی کے باعث پانی کی فراہمی میں تعطل پایاجاتاہے ، ذرائع کاکہناہےدھوبی گھاٹ ٹیوب ویل کاپمپ گزشتہ کئی روزسے خراب ہے جس سے پانی کاپریشر کم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے محلہ سیرت گنج ،اندرسنگھ بلڈنگ اور شاہین پورہ کے رہائشیوں کو پانی کی فراہمی میں تعطل پیداہوگیا ہے ، اورکئی گھروں میں پانی نہیں پہنچ رہا جب کہ شاہین پورہ کے بیس سے پچیس گھروں میں کئی روزسے پانی کی سپلائی بندہے ،شاہین پورہ کے رہائشی فاروق اسحاق نے بتایاکہ وہ ماہانہ پانچ ٹینکرڈلوارہے ہیں ان کے گھرپانی نہیں آرہاشدیدگرم موسم میں پانی کی عدم دستیابی سے ہماری زندگی اجیرن ہوگئی ہے ٹیوب ویل سے پانی کاپریشرکم ہونے سے علاقہ میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثرہوئی ہے کینٹ بورڈمیں شکایت درج کرانے کے باوجودکئی دن گذرنے پربھی پمپ کی خرابی درست نہیں کی جارہی جب کہ ٹیوب ویل والے چلڈرن پارک میں لگے ٹیوب ویل اوردھوبی گھاٹ کے ٹیوب ویل کوبیک وقت چلارہے تھے جس سے علاقہ میں پانی سپلائی کیاجارہاتھا لیکن اب چلڈرن پارک کاٹیوب ویل بھی پوری طرح کام نہیں کررہاجس سے محلہ سیرت گنج ،اندرسنگھ بلڈنگ ،لاجپت نگراورشاہین پورہ میں پانی کی فراہمی متاثرہورہی ہے، یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ چلڈرن پارک میں چارسال پہلے ایک نئے ٹیوب ویل کی کھدائی کی گئی تھی جہاں سے وافرمقدارمیں پانی نکلا لیکن کینٹ بورڈ کی نااہلی کے باعث یہ ٹیوب ویل بھی بیٹھ گیاہے ، جب کہ اصلاح احوال کی بجائےکنٹونمنٹ بورڈکے متعلقہ حکام نے چپ سادھ رکھی ہے۔اہل محلہ کاکہناہے کہ پانی کی ٹینکی کے ساتھ دوٹیوب ویلوں ،محلہ جمیعت القریش ،عیدگاہ گوالمنڈی ،دھوبی گھاٹ میں ایک ایک اورچلڈرن پارک میں دوٹیوب ویلوں کے باوجودگوالمنڈی میں پانی کی قلت کینٹ بورڈواٹرسپلائی عملے کی نااہلی کاواضح ثبوت ہے،ضرورت اس امرکی ہے کہ دھوبی گھاٹ اورچلڈرن پارک کے ٹیوب ویلوں کی مرمت کرکے پانی کی سپلائی کوبحال کیا ،اہل علاقہ نے سٹیشن کمانڈرراولپنڈی اورایگزیکٹوآفیسرراولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈسے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کرکے مسئلہ حل کروائیں۔