پنجاب میں ڈسپوزایبل پلاسٹک پراڈکٹس پر پابندی

April 25, 2024

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)حکومت پنجاب نے75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کی فروخت اور سنگل یوز پلاسٹک پراڈکٹ 2023 ریگولیشن کے تحت شیڈول 1 اور 2 میں درج مختلف پلاسٹک کی اشیاء مثلاً ڈسپوزایبل اور ملٹی لیئر پیکجنگ پلاسٹک پراڈکٹس وغیرہ پر مکمل طور پر پابندی کا اعلان کیاہے اور خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور قید کا سامنا کرنا ہوگا۔ صوبہ بھر میں تمام پلاسٹک مینوفیکچررز، کلیکٹرز،اور ری سائیکلرز کو ادارہ تحفظ ماحول کے ساتھ رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہاراداریہ تحفظ ماحول راولپنڈی کے زیر اہتمام ارتھ ڈے کے حوالے سے سیمینار اور آگاہی واک کے موقع پر کیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ڈویژن)عنزہ نیازی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نمرہ طارق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر (مری) رومیسہ بابر، اور انسپکٹر ماحولیات انعام الحق نے دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ماحول کے تحفظ کیلئے ارتھ ڈے سیمینار اور سکول کے بچوں کے ساتھ ملکر آگاہی واک کی۔ مقررین نے کہا کہ ماحول کو پلاسٹک بیگز سے پاک کرنے کیلئے 5 جون سے ہر قسم کے شاپر بیگز اور پولیتھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی جس کا مقصد انسانی زندگیوں، جنگلی اور آبی حیات کو پلاسٹک کے بڑھتے ہوئے استعمال سے لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔