سائنس و ٹیکنالوجی، تیسرا کوارٹر ختم ہونے پر منصوبوں کیلئے 2ارب جاری

April 26, 2024

اسلام آباد(ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے) سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن کے ذیلی اداروں کے درجنوں پی ایس ڈی پی پراجیکٹس کیلئے تیسرے کوارٹرکی میعاد ختم ہونے کے بعد2 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق موجودہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی کی منظوری کے بعد ڈویژن کے ماتحت تقریباً ڈیڑھ درجن اداروں کے 37 پی ایس ڈی پی منصوبوں کےلئے2 ارب روپے جاری کئے گئے ۔یہ فنڈزرواں مالی سال کے تیسرے کوارٹرز کے لئے جاری کئےگئے ہیں ، فنڈز کے اجراء میں تاخیر کے باعث بعض منصوبوں پر کام رکا پڑا تھا ۔ ادھر بعض ذرائع کا کہنا تھا کہ جتنی تاخیر سے رواں مالی سال کے تیسرے کوارٹرکے فنڈز کا اجراء کیا گیا ہے اور چوتھے کوارٹرکے فنڈز بھی جاری ہونے ہیں ،اس سےسارے فنڈز کا استعمال مشکل ہو گا۔