سوشل میڈیا ورکرز شائستگی سے مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں‘ مفتی روزی خان

July 07, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مفتی محمد روزی خان نے کہا ہے کہ جمعیت کے سوشل میڈیا ورکرز اپنے کاز پر توجہ دیتے ہوئے شائستگی سے مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ، بداخلاقی اور نفرتوں کے پرچار سے دور رہیں ، یہ بات انہوں نے جمعیت ضلع کوئٹہ کے شعبہ اطلاعات کے زیراہتمام سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، کنونشن کی صدارت جمعیت ضلع کوئٹہ کے ترجمان عبدالغنی شہزاد کی ، جس میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے تمام ماتحت تحصیلوں اور یونٹوں کے سیکرٹریز اطلاعات اور سوشل میڈیا کے ارکان نے شرکت کی ، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی محمد روزی خان نے کہا کہ جمعیت کا ہر کارکن قرآن و سنت سے پر عمل کرتے ہوئے باطل قوتوں اور پاکستان دشمن طاقتوں کے سازشوں کا مقابلہ کرے اور جمعیت علماء اسلام پاکستان کی پالیسیوں کو اجاگر کرنے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنے کیلئے اخلاق اور دلیل کا سہارا لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا بہت حساس معاملہ ہے کچھ بھی پوسٹ کرتے وقت نیت جماعت کی خدمت ہو تو اس میں دکھاوا اور ذاتی تشہیر سے بچا جاسکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ آج سوشل میڈیا پر نظریہ کی جنگ لڑی جارہی ہے ، باطل اپنے سیاہ کو سفید ثابت کرنے کے لئے اس کو موثر انداز میں استعمال کررہا ہے ، سوشل میڈیا سے منسلک جماعتی احباب کی خوش قسمتی ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کےتحت جماعت کے پیغام کو آگے بڑھا رہے ہیں اس کے برعکس دوسری جماعتوں نے پیڈ ایکٹوسٹ رکھے ہیں ۔ کنونشن سے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ مسعود احمد ، معاونین اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی ، مولانا جمال الدین حقانی ، مولانا مفتی نیک محمد فاروقی ، یونٹوں کے پریس سیکرٹریز اور سوشل میڈیا ورکرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے پروگرام کے پرچار میں سوشل میڈیا ورکرز کا کردار قابل تحسین ہے ،اس موقع پر جمعیت ضلع کوئٹہ کے پریس سیکرٹریز اور سوشل میڈیا ورکرز کو خصوصی اسناد سے نوازا اور ان کی خدمات کو سراہا گیا ۔