موسمیاتی تبدیلی کے پاکستان پر شدید اثرات مرتب ہوئے‘ سینیٹر ثمینہ

April 27, 2024

کوئٹہ ( پ ر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ شدید اور غیر متوقع موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے دنیا کو مشترکہ اور مربوط لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے بچنے کے لئے اب ہمیں سنجیدہ ہونا پڑے گا اور قدرتی آفت سیلاب سے بچنے کے لئے ہر قسم کے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ڈیمز کی تعمیر کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنی ہوں گی تاکہ ہماری آئندہ نسلوں کو ان آفات کے اثرات سے بچایا جاسکے اور مستقبل میں متوقع شدید موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید سرد اور گرم موسموں کے علاوہ متوقع شدید بارشوں اور سیلاب کے اثرات سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والے بڑے ممالک ان تباہ کن تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک خاص کر پاکستان کی سیلاب کے بعد اس مشکل صورتحال میں مدد کریں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حالیہ غیر متوقع شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے پاکستان خاص کر صوبہ بلوچستان کے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔اس صورتحال سے بلوچستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے صوبے میں غیر معمولی بارشوں اور سیلابی آفات سے فصلوں اور کچے مکانات کو بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت اور اس کے ماتحت ادارے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق جامع پالیسی پر کام کر رہے ہیں ۔