ناسا نے پلوٹو کی ’رینبو‘ تصویر شیئر کر دی

July 21, 2022

تصویر بشکریہ انسٹا گرام

ناسا نے پلوٹو کی ایک شاندار قوسِ قزح کے رنگ کی تصویر شیئر کی ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کو خوش گوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پلوٹو کی قوسِ قزح کے رنگ کی تصویر شیئر کر کے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔

ناسا نے گزشتہ روز انسٹا گرام پر پلوٹو کی ایک ناقابلِ یقین تصویر شیئر کی جو ہمارے نظامِ شمسی کے سب سے بیرونی کنارے پر موجود ہے۔

انسٹا گرام پوسٹ کے کیپشن میں ناسا نے لکھا ہے کہ قوسِ قزح کا اختتام کہاں ہوتا ہے؟ پلوٹو واقعی رنگین نہیں ہے، یہ رنگین تصویر سائنسدانوں نے سیارے کے مختلف علاقوں کے درمیان فرق کو اُجاگر کرنے کے لیے رنگوں کے ذریعے بنائی ہے۔

انسٹا گرام پر اس پوسٹ پر اب تک 9 لاکھ سے زیادہ لائکس اور ہزاروں تبصرے موصول ہو چکے ہیں۔

یہ تصویر خلائی جہاز نیو ہورائزنز نے کھینچی تھی، جسے 19 جنوری 2006ء کو لانچ کیا گیا تھا۔

نیو ہورائزنز نے 2015ء کے موسمِ گرما میں پلوٹو کا 6 ماہ طویل فلائی بائی مطالعہ کیا اور دور دراز کے نظامِ شمسی کو تلاش کرنا جاری رکھا۔