لاہور ہائی کورٹ: شیخ رشید کی طلبی کی درخواست پر اینٹی کرپشن نے جواب جمع کروادیا

July 27, 2022

لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی اینٹی کرپشن لاہور میں طلبی کے نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران محکمہ اینٹی کرپشن نے جواب جمع کروادیا۔

عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کو جوالجواب جمع کروانے کیلئے 2 ہفتوں کی مہلت دے دی، جبکہ اینٹی کرپشن کے جواب کو ریکارڈ کا حصہ بنادیا۔

جسٹس امجد رفیق نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو راولپنڈی رنگ روڑ پراجیکٹ میں نوازنے کے لیے زمین کی فروخت ہوئی، شیخ رشید کا کیا گیا معاہدہ رجسٹرڈ نہیں ہے۔

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ضلع اٹک میں 149 کنال کا 67 کروڑ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے معاہدہ کیا تھا، رائل ریذیڈینشیا سے 10 کروڑ روپے ایڈوانس وصول کیے۔

شیخ رشید نے اپنے موقف میں کہا کہ زمین کی فروخت کا معاہدہ کسی بھی طرح غیر قانونی نہیں تھا، انکم ٹیکس ریٹرن میں ڈکلیئر زمین کو فروخت کرکے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔