نذیرچوہان کی ضمانت منظور

August 08, 2022

نذیر چوہان —فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما نذیر چوہان کو 4 روزہ جسمانی ریمانٖڈ کے بعد آج مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

مجسٹریٹ کی عدالت نے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کر لی اور رہائی کے لئے 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی۔

پولیس ذرائع کے مطابقن لیگیرہنما کو تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج اقدامِ قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پولیس نے 6 روز قبل نذیرچوہان کو گرفتار کیا تھا ان پر ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران پی ٹی آئی کے دفتر پر حملے کا الزام تھا۔

ان پر پی ٹی آئی کے کارکن عادل گجر اور رکن پنجاب اسمبلی شبیر گجر کے بھتیجے کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔

پولیس کو دیے گئے بیان میں عادل گجر نے نذیر چوہان کو اقدامِ قتل کے مقدمے میں نامزد کیا تھا۔

مقدمے کے نتیجے میں انہیں سی آئی اے پولیس نے کارروائی کر کے گرفتار کیا تھا۔

اللّٰہ کی رضا کیلئے نذیر چوہان کو معاف کر دیا: شبیر گجر

ماڈل ٹاؤن کچہری میں ایم پی اے شبیر گجر اور نذیر چوہان نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔

اس موقع پر رکنِ پنجاب اسمبلی شبیر گجر کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کی رضا کے لیے نذیر چوہان کو معاف کر دیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لڑائی، جھگڑے اور دشمنی کے بجائے عوام کی بھلائی کی سیاست کرنی چاہیے۔