یومِ عاشور: امام حسین ؓ کی شہادت کی یاد میں جلوس، مجالس منعقد

August 09, 2022

—فائل فوٹو

ملک بھر میں آج یومِ عاشور عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں عاشورہ ٔ محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، مجالسِ عزا برپا کی جا رہی ہیں، عزاداروں کا ماتم اور نوحہ خوانی جاری ہے۔

ملک بھر میں عاشورۂ محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس برآمد

کراچی میں مرکزی جلوس سے قبل یومِ عاشور کی مرکزی مجلس صبح 8 بجے نشتر پارک میں منعقد کی گئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔

مجلس کے بعد نشتر پارک سے یومِ عاشور کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جو صدر سے ہوتے ہوئے تبت سینٹر کے قریب پہنچا تو جلوس کے شرکاء نے پریڈی تھانے کے سامنے نمازِ ظہرین ادا کی۔

نمازِ ظہرین کی ادائیگی کے بعد مرکزی جلوس کے شرکاء اگلی منزل کی طرف گامزن ہیں۔

مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہو گا۔

کراچی: جلوس کے سیکیورٹی انتظامات

جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں، نشانہ باز اسنائپر سے مسلح اہلکار بلند عمارتوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس کی فضائی نگرانی کے علاوہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

کراچی میں جلوس کی گزرگاہوں سمیت مختلف مقامات پر موبائل فون سروس معطل ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر بھی پابندی عائد ہے۔

کراچی کا ایم اے جناح روڈ ٹریفک کیلئے مکمل بند

یومِ عاشور کے جلوس کے پیشِ نظر ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل، لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں سِیل کر دی گئی ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سول اسپتال جانے کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی والا راستہ کھلا ہوا ہے، ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ یا نشتر روڈ پر موڑا جا رہا ہے۔

ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ سے نشتر روڈ اور گارڈن بھیجا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی، مارٹن روڈ، جیل روڈ بھیجا جا رہا ہے۔

سپر ہائی وے سے گاڑیوں کو لیاقت آباد سے ناظم آباد چورنگی بھیجا جا رہا ہے۔

شاہراہِ قائدین سے آنے والے ٹریفک کو خدا داد سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

لاہور: 47 جلوس، 227 مجالس ہوں گی

لاہور میں یوم عاشور پر آج 227 سے زائد مجالس اور 47 عزاداری کے جلوس برآمد ہوں گے۔

پولیس کے مطابق مرکزی جلوس محلہ شیعان چوک نواب صاحب میں موجود ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد پولیس کے افسران اور اہلکار تعینات ہیں۔

راولپنڈی: یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد

راولپنڈی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس کرنل مقبول امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا۔

مرکزی جلوس سے پہلے کرنل مقبول امام بارگاہ میں مجلس منعقد ہوئی، جس سے سید حسن اطہر زیدی نے خطاب کیا۔

جلوس ٹرنک بازار، فوارہ چوک، راجہ بازار، پرانا قلعہ، جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہو گا۔

کرنل مقبول امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا یہ جلوس رات 8 بجے قدیمی امام بارگاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا جبکہ رات ساڑھے 8 بجے جلوس کے اختتام پر کرنل مقبول امام بارگاہ میں مجلسِ عزا برپا ہو گی۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اوراسلام آباد میں موبائل فون سروس یوم عاشور کے موقع پر جزوی طور پر معطل کی گئی ہے۔

پشاور:یوم عاشور کا پہلا جلوس برآمد

پشاور میں یوم عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی کوچہ جان سے برآمد ہو گیا۔

اس سے قبل پشاور میں شبِ عاشور کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے تھے، جس کے بعد اب یومِ عاشور کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

شبِ عاشور کے مجموعی طور پر 16 چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے۔

پہلا جلوس امام بارگاہ قمر بنی ہاشم اور آخری جلوس امام بارگاہ سائیں زرین امامیہ کالونی گلبہار سے برآمد ہوا۔

پشاور میں شبِ عاشور کے جلوسوں کے لیے بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

کوئٹہ: یومِ عاشور کا جلوس رحمت اللّٰہ چوک سے برآمد

کوئٹہ میں رحمت اللّٰہ چوک سے برآمد ہونے والایومِ عاشور کا علم، تعزیوں اور ذوالجناح کا جلوس باچا خان چوک پہنچ گیا ہے۔

باچا خان چوک پر جلوس میں شامل عزاداران نے نماز ظہرین ادا کی۔

جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر جواد رفیعی کر رہے ہیں۔

عاشورہ کےجلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد: 153 جلوس، 25 مجالس ہوں گی

فیصل آباد میں یومِ عاشور پر ضلع بھر میں 153 جلوسوں اور 25 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

مرکزی جلوس امام بارگاہ عزا خانہ شبیر دھوبی گھاٹ سے برآمد ہو گا۔

پولیس کے مطابق فیصل آباد میں 8 ایس پیز کی سربراہی میں 3 ہزار 863 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ رینجرز کے جوان اور 500 رضا کار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

ضلع بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد اور موبائل فون سروس بند ہے۔

مختلف شہروں میں جلوس و مجالس

گلگت میں عاشورۂ محرم کا مرکزی جلوس امامیہ جامع مسجد سے برآمد ہو گیا۔

شہر کے 26 چھوٹے بڑے ماتمی جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہیں۔

یہ مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو واپس مرکزی امامیہ جامع مسجد پر اختتام پذیر ہو گا۔

پاراچنار میں مختلف مقامات پر یومِ عاشور کے ماتمی جلوس برآمد ہو گئے۔

مرکزی امام بارگاہ سے برآمد جلوس رات 10 بجے تک احتتام پذیر ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر واصل خان کا کہنا ہے کہ افغان سرحد مکمل طور سیل کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی کے خدشات کے پیشِ نظر موبائل فون سروس بھی بند کی گئی۔

کبیر والا میں عاشورہ کا مرکزی جلوس ککڑہٹہ روڈ سے برآمد ہو گیا۔

یہ جلوس شام 4 بجے امام بارگاہ فاطمۃ الزہرا پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

میانوالی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ وادیٔ اسلام سے برآمد ہو گیا۔

میاں چنوں میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصرِ ابو طالب سے برآمد ہوا ہے۔

لاڑکانہ میں انجمن قاسمیہ کے زیر اہتمام جناح باغ میں ذکر حسین رضی اللّٰہ عنہ کانفرنس شروع ہو گئی۔

سیہون میں یومِ عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس حسینی امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا۔

شیخو پورہ میں امام بارگاہ گلستانِ زہرا سے برآمد ہونے والا جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے۔

پتوکی میں یومِ عاشور کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔

ننکانہ صاحب میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر فاطمہ سے برآمد ہو گیا۔

ساہیوال میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر بتول سے برآمد ہو گیا، جلوس رات 10 بجے ماہی شاہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔