ماورا اور عروہ حسین کے بھائی کی عامر لیاقت اور محسن عباس حیدر کیلئے نفرت انگیز پوسٹ

August 10, 2022

کولاج ، شکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکار بہنیں، ماورا اور عروہ حسین کے بھائی اور یو ٹیوبر انسِ یزدان کی جانب سے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت اور اداکار محسن عباس حیدر کے خلاف نفرت انگیز پوسٹ کی گئی ہے۔

اپنی خوبصورتی اور بہترین اداکاری کے سبب جانی جانے والی اداکار بہنیں عروہ اور ماورا کے بھائی نے سوشل میڈیا پر مرحوم عامر لیاقت اور اداکار، گلوکار و میزبان محسن عباس حیدر پر کڑی تنقید کی ہے۔

یوٹیوبر اِنسِ یزدان کا لکھنا تھا کہ عامر لیاقت کے بغیر تقریباً دو ماہ گزر چکے ہیں، ان کی موت چونکا دینے والی تھی۔

عروہ اور ماورا کے بھائی اِنس یزدان نے اپنی پوسٹ میں عامر لیاقت کو اُن کی پہلی، دوسری اور تیسری اہلیہ کے لیے شیطان قرار دیا۔

اپنی اس پوسٹ میں ماورا اور عروہ کے بھائی نے اداکار محسن عباس کو بھی دو نمبر آدمی قرار دیا۔

انہوں نے لکھا کہ یہ بندہ عامر لیاقت سے بہت ہمدردی کرتا تھا جو کہ خود اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا ہے۔

انسِ یزدان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستانی عوام کے لیے سچائی تکلیف دہ ہو سکتی ہے لیکن میں ان لوگوں میں سے نہیں جو حق کے لیے آواز نہیں اٹھاتے۔

انسِ یزدان کی اس پوسٹ کا سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہونا ہی تھا کہ اُن کی فنکار بہنوں سمیت اُن پر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی گئی۔

انسِ یزدان کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ اب ہٹا دی گئی ہے جبکہ اب بھی اُن کی نئی پوسٹس پر صارفین اُنہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔