جب بھی پارلیمنٹ بلائے گی حاضر ہوں گا‘ چیئرمین نیب

August 11, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کو چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے بتایا کہ انہیں جب بھی پارلیمنٹ بلائے گی وہ حاضر ہوں گے۔ انہوں نے قبل ازیں انٹیلی جنس بیورو میں تعیناتی کے دوران بھی دل و جان سے ملک و ملت کی خدمت کی، اب بھی کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔ کمیٹی اجلاس کی غیر رسمی کارروائی کے دوران ارکان کمیٹی نے سوات کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر علی ظفر کی زیر صدارت ہوا۔ تاریخ میں پہلی بار کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین نیب بھی شریک ہوئے۔ چیئرمین کمیٹی بیرسٹر علی ظفر نے پہلی مرتبہ کمیٹی اجلاس میں شرکت پر چیئرمین نیب کو خوش آمدید کہا۔ رکن کمیٹی سینیٹر شبلی فراز نے اس موقع پر آفتاب سلطان کی گزشتہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شرکا کو بتایا کہ آفتاب سلطان بڑے اچھے پولیس آفیسر تھے، جب آفتاب سلطان آئی بی کے ہیڈ تھے ہم اس وقت اپوزیشن میں تھے۔