سہراب گوٹھ سے آگے غیرملکیوں کے قبضے، کیا انتظامیہ کیلئے اسکیم 33 علاقہ غیر ہے، سندھ ہائیکورٹ

August 12, 2022

کراچی (این این آئی/اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس میں کہا ہے کہ غیر ملکیوں نے قبضے کر کے اسکیم 33کو نوگو ایریا بنا دیا ، سہراب حوٹھ سے آگے غیر ملکیوں کے قبضے ہیں ، کیا انتظامیہ کیلئے اسکیم 33علاقہ غیر ہے، لوگوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی پلاٹس پر لگائی اور پلاٹس ملنے کی امید کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔

دو رکنی بنچ نے ڈپٹی کمشنر شرقی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے 45روز میں سوسائٹی کی اراضی واگزار کرنے کے لیے آپریشن کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو اسکیم 33 میں نجی سوسائٹی پر قبضے ختم کرانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ کراچی میں اسکیم 33 نوگوایریا بنا دیا گیا۔ کراچی میں غیرملکیوں نے پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ سہراب گوٹھ سے آگے شہریوں کے پلاٹس پر غیرملکیوں نے قبضے جما رکھے ہیں۔

بجنور ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ کیا اسکیم 33 علاقہ غیر ہے؟ کوئی مجرم وہاں چھپ جائے تو مطلب کچھ نہیں ہوسکتا؟ ڈپٹی کمشنر شرقی نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز کی مدد درکار ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے تو اپنے مخبر ہوتے ہیں وہ کیا کر رہے ہیں؟ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ آپریشن نہ کرنے کے لئے کتنے فون آئے یہ بتائیں؟ بتائیں، کیا آپ پر کوئی دباؤ نہیں آیا؟ ان پانچ سو قبضہ گیروں کو کون سپورٹ کر رہا ہے؟ لوگوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی پلاٹس پر لگا رکھی ہے۔