امریکی سفیر کا دورہ کراچی: اہم ملاقاتیں، معاشی و تجارتی تعلقات استوار کرنے کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار

August 13, 2022

امریکی سفیر کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 10 تا 12 اگست کراچی کا دورہ کیا، جس کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی اشتراک اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

امریکی سفیر نے اس دوران وفاقی وزیر برائے بحری امور، سندھ اور بلوچستان کے وزراء اعلیٰ، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور کمانڈر پاک بحریہ پاکستان فلیٹ (کامپاک)، پاکستانی حکام، تجارتی نمائندگان، کاروباری و توانائی صنعتوں کے سربراہان اور دیگر کاروباری و تجارتی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ "کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہونے کے ساتھ توانائی کی بے پناہ صلاحیتوں سے بھرپور شہر ہے، اس شہر کا دوبارہ دورہ کرنے کا موقع ملنے پر بے انتہا خوشی ہوئی۔ اس سال ہم امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ ایسے موقع پر دونوں ممالک میں تجارتی شراکت داری، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، سیکیورٹی، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔"

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پورٹ قاسم کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی سفیر نے ان اقدامات پر دلچسپی کا اظہار کیا جن کی مدد سے امریکی بندرگاہوں اور بحری اداروں کے ساتھ رابطہ کاری مزید بہتر بنانے کے لیے دونوں ممالک کام کر سکیں۔

امریکی سفیر وفاقی وزیر فیصل سبزواری کے ہمراہ - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقاتوں میں امریکی سفیر نے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں صوبوں میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونیوالے نقصانات کے ازالے، متاثرین کی بحالی و امداد کے لیے جاری کاوشوں پر بھی گفت و شنید ہوئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو امریکی سفیر کو گلدستہ پیش کر رہے ہیں - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں امریکی سفیر نے اعلان کیا کہ امریکا کی جانب سے نئی مالی امداد کی مد میں 10 لاکھ ڈالرز جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس امداد سے نہ صرف سندھ میں زراعت سے وابستہ طبقے کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی، بلکہ قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق پاکستانی اداروں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا تاکہ سندھ، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آنے والی تباہ کاریوں سے بر وقت نمٹا جاسکے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے درمیان ملاقات کے دوران شہر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے ہونیوالے اثرات پر بات چیت کی گئی جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے مواقع پر بھی غور کیا گیا۔

امریکی سفیر کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

امریکی سفیر نے وائس ایڈمرل کامپاک اویس بلگرامی سے ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی و امدادی آپریشنز پر بات چیت کی جبکہ پاک عسکری تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے کی سلامتی کے لیے عسکری تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کارگل پاکستان کے سی ای او عمران نصر اللّٰہ سے ملاقات کی جبکہ انہوں نے پورٹ قاسم پر قائم ایکسیلریٹ کے فلوٹنگ اسٹوریج اور ری گیسیفکیشن یونٹ کا دورہ کیا۔

امریکی سفیر کا پورٹ قاسم پر ایکسیلریٹ کے فلوٹنگ اسٹوریج اور ری گیسیفکیشن یونٹ کا دورہ - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

اس موقع پر امریکی سفیر نے زور دیا کہ ایل این جی سے متعلق اینگرو اور ایکسیلریٹ کی مشترکہ کاوشوں میں کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

امریکی سفیر کی جانب سے پاکستانی و امریکی تجارتی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں خدمات، مصنوعات اور پروگرامز کے ذریعے پاکستان میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو تقویت دینے کے لیے عزم کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان اور امریکا کے درمیاں تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تا کہ دونوں ممالک کی اقوام کے مستحکم، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

2021 میں باہمی تجارت کا حجم بڑھ کر تقریباً 9 ارب ڈالر ہوگیا ہے، امریکا کو پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ اور بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت بڑے ذریعے کی حیثیت حاصل ہے۔

گزشتہ سالوں میں امریکا کی براہِ راست سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ امریکی کمپنیز اور ان کے مقامی شراکت دار پاکستان میں سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع مہیا کرنے والوں میں شامل ہیں جبکہ تقریباً 80 امریکی کمپنیوں کی جانب سے ایک لاکھ 25 ہزار پاکستانیوں کو بلواسطہ اور 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو بلاواسطہ ملازمتیں دی گئی ہیں۔

2021 میں امریکی فرمز کی جانب سے پاکستان میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت 5.7 ملین ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ کراچی کے نمایاں پہلوؤں میں لیاقت میموریل لائبریری میں لِنکن کارنر کا دورہ شامل ہے، جہاں انہوں نے سندھ کے وزیر برائے تعلیم و سیاحت سید سردار علی شاہ کے ساتھ اسٹارٹ اپ لیب کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ یہ اسٹارٹ اپ لیب پاکستان میں اپنی نوعیت کی ایک ایسی منفرد اور پرسکون جگہ ہے جہاں کاروبار کا شوق رکھنے والے افراد مفت میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات استعمال کرکے اپنا کاروبار شروع کرنے کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات ہماری مشترکہ طاقت ہیں، سندھ کے محکمہ سیاحت کے ساتھ شراکت داری باعث فخر ہے جس کے ذریعے یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ پاکستانی لوگ 21ویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

امریکی سفیر لِنکن کارنر کراچی میں موجود - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

لِنکن کارنر کراچی امریکی مشن برائے پاکستان کے نیٹ ورک امریکی اسپیسز کے 18 نیٹ ورکس میں سے ایک ہے، جو مفت تعلیم اور ثقافتی پروگرامز کے ساتھ پاکستان کے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور معلومات کے ذرائع فراہم کرتا ہے ۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ ایکسپلوریشن اینڈ ایڈوینچر سوسائٹی (سیز) کے نمائندگان ڈاکٹر عاصمہ ابراہیم اور ڈاکٹر کلیم اللّٰہ لاشاری کے ہمراہ فریئر ہال کراچی کا دورہ کرتے ہوئے شاہکار فن تعمیر کا معائنہ کیا۔

سیز، امریکی حکومت کی جانب سے امریکی سفیر فنڈ برائے بحالی تاریخی و ثقافتی ورثہ (AFCP) فنڈ کے تحت فریئر ہال کی بحالی منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہم پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کا احترام و قدر کرتے ہیں۔

امریکی سفیر کو پاکستان میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر کراچی میں اقلیتی برادریوں کے مندوبین سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا جس میں مذہی رواداری، برداشت اور بین المذاہب تعاون کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

امریکی سفیر کی اقلیتی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی فوٹو - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

انہوں نے مزار قائد کا دور کیا اور آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر پھول رکھے اور خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ مزار قائد کا دورہ اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے عظیم ورثے کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنا میرے لیے باعث فخر ہے۔

امریکی سفیر کے مزار قائد پر حاضری کے مناظر - فوٹو بشکریہ امریکی قونصل خانہ کراچی / ٹوئٹر

ان کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بشمول پڑوسی ممالک میں امن سمیت پاکستان میں مذہبی رواداری، معاشی و معاشرتی استحکام کا تصور پیش کیا امریکا کو بانی پاکستان کے ان تصورات کا بے حد احترم ہے۔ ہم امریکی عوام کے طرف سے پاکستان کو آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔


لِنکن کارنر کے بارے میں مزید معلومات کیلئے امریکی سفارتخانے کی ویب سائٹ یا فیس بک پیج پر لنکن کارنرس پاکستان پر جائیں۔

پاکستان میں یو ایس ایڈ کے پرگرامز کے بارے میں جاننے کیلئے برائے مہربانی یہاں پر کلک کریں: www.usaid.gov/pakistan

کووڈ-19 ویکسین کے عطیات کے بارے میں مزید معلومات کیلے وزٹ کریں: https://www.state.gov/covid-19-recovery/vaccine-deliveries/