وفاقی اردو یونیورسٹی کے وی سی کو ہٹانے کا فیصلہ

August 15, 2022

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی وزارت تعلیم نے کینیڈین شہریت کے حامل وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر مسلسل غیر حاضری کی بنیاد پر ان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے سمری چانسلر کو ارسال کردی گئی ہے جب کہ قائم مقام وائس چانسلر کے لیے سینٹ کا اجلاس بلانے کی سفارش کی گئی بتایا جاتا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء 20روز کے لیے سرکاری خرچے پر یکطرفہ ٹکٹ لے کر عید منانے کینیڈا چلے گئے تھےاور انھوں نے اس دورے کو کینیڈا اور امریکا کی6؍ جامعات سے اشتراک کو بنیاد بنایا تھا اور باقاعدہ چانسلر سے این او سی کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دورے کے دوران آن لائن فرائض انجام دیں گے یعنی ان کی جگہ قائم مقام کا تقرر نہ کیا جائے تاہم ان کی یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی قائم مقام وی سی کا تقرر کردیا گیا اور ان کی چھٹی کا دورانیہ بھی مختصر کردیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ور تربیت رانا تنویر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء کی طرف سے کینیڈا جانے والے طریقہ عمل پر ناراضی ظاہر کی تھی اور انہیں ہدایت کی تھی کہ اس طرح کے غیر مناسب عمل سے گریز کیا جائے اور مستقبل میں کیبنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ بیرون ملک دورے کے طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔ انھیں 15 جولائی کو یونیورسٹی جوائننگ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم وہ نہیں آئے اور مزید رخصت کی درخواست بھیجی جسے مسترد کردیا گیا۔ وی سی تا حالکینیڈا میں مقیم ہیں جب کہ اردو یونیورسٹی مالی بحران کا الگ شکار خود وائس چانسلر بیرون ملک ہونے کے باوجود اپنی پوری تنخواہ نکلواچکے ہیں جب کہ ملازمین کو تاخیر سے مکمل تنخواہ کے بجائے بیسک کی بنیاد پر تنخواہ دی ہے۔ ادہر انجمن اساتذہ ، وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس نے بدھ 17 اگست کو وائس چانسلر کی غیر موجودگی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث اجلاس عمومی صبح 11 بجے طلب کرلیا ہے۔ اساتذہ کے مطابق موجودہ حالات میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ متعدد مسائل کا شکار ہیں ۔ جس نے اساتذہ کو بے چینی اور غیر یقینی صورتحال میں مبتلا کر رکھا ہے ۔انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس ان مسائل کا فوری حل چاہتی ہےاس لئے 17 اگست بروز بدھ ، بوقت 11 بجے صبح سیمینار ہال میں جنرل باڈی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔