بلوچستان میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے تباہی

August 16, 2022

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، توبہ اچکزئی میں کئی گھنٹوں تک موسلادھار بارش ہوئی۔

سیلابی ریلے قلعہ عبداللہ میں داخل ہونے سے کئی دیہات اور سڑکیں ڈوب گئیں جس کی وجہ سے لوگوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق سیلابی ریلے سے باغات اور فصلیں بھی تباہ ہوگئیں جبکہ کئی مویشی بہہ گئے ہیں۔

خاران میں 2 لیویز افسران سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔ موسیٰ خیل، دکی، بارکھان اور کوہلو میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

موسیٰ خیل میں سیلابی ریلوں سے ایک سو سے زائد مکانات گرگئے اور 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ شدید بارشوں سے سبی جیکب آباد ریلوے ٹریک بھی زیر آب آگیا، مسافروں کو گاڑیوں کے ذریعے سبی ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا۔