ٹک ٹاک نے نیا فیچر متعارف کروا دیا

August 16, 2022

فائل فوٹو

الفاظ کو تصویری شکل میں ڈھالنے والی مصنوعی ذہانت موجودہ دور میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔

اب ٹک ٹاک نے بھی اس تیکنیک کو اپناتے ہوئے اے آئی گرین اسکرین نامی نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے ٹک ٹاک صارفین اپنی پسند کی تصویر محض لکھ کر تیار کرسکتے ہیں جس کو کسی بھی ویڈیو کے پس منظر میں استعمال کیا جاسکے گا۔

ٹک ٹاک کا یہ اے آئی سسٹم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے جو پیچیدہ تصاویر تیار نہیں کرسکتا۔

ممکنہ طور پر کمپنی نے اسے خود سادہ رکھا ہو کیونکہ جدید ماڈلز کے لیے زیادہ کمپیوٹنگ پاور کی ضرورت ہوتی ہے اور لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔

اسی طرح حقیقی نظر آنے والی تصاویر کا غلط استعمال بھی ہوسکتا ہے۔

ٹک ٹاک کے اے آئی گرین اسکرین فیچر سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مذکورہ تیکنیک 2 سال سے بھی کم وقت میں تیزی سے مین اسٹریم کا حصہ بن گئی ہے اور اب ٹک ٹاک کے ذریعے مزید کروڑوں صارفین تک پہنچ گئی ہے۔