عامر لیاقت کی کوئی جائیداد نہیں، بشریٰ اقبال کا دعویٰ

August 17, 2022


معروف اسلامک اسکالر و میزبان بشریٰ اقبال کی جانب سے شوہر، معروف ٹی وی شخصیت عامر لیاقت کی جائیداد سے متعلق بیان سامنے آیا ہے۔

عامر لیاقت کی پہلی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال کا عدالت سے باہر دیا گیا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

اس انٹرویو کے دوران بشریٰ اقبال کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت نے دوسری شادی کے وقت ہی اپنی ساری جائیداد بیچ دی تھی اور کچھ ایسا نہیں تھا جو بچ گیا ہو، یہ بات میڈیا پر کرنا نہیں چاتی تھی مگر مجھ پر جائیداد سے متعلق اتنے الزامات لگائے گئے ہیں کہ مجھے یہ سب کہنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے جب لوگ عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ (سیدہ طوبیٰ انور) سمیت یہ لکھتے ہیں کہ میں بھی جائیداد کے لیے یہ سب کر رہی ہوں، میں یہ سب عامر لیاقت کی روح کو سکون پہنچانے کے لیے کر رہی ہوں تا کہ انہیں (عامر لیاقت) اور میرے بچوں کو بھی سکون ملے جو بے سکون ہیں۔

بشریٰ اقبال نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پوسٹ مارٹم بنتا ہی نہیں تھا، یہی وجہ تھی کہ میں نے اور بچوں نے پوسٹ مارٹم نہ کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

عامر لیاقت کی تیسری شادی سے متعلق بیان:

بشریٰ اقبال نے اپنے سابق شوہر، عامر لیاقت کی ٹک ٹاکر دانیہ ملک سے تیسری شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دانیہ نے عامر سے شادی شاید سوشل میڈیا کی وجہ سے ہی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت سے شادی کے بعد دانیہ ملک کو شہرت بھی ملی اور پیسہ بھی، عامر لیاقت سے شادی سے قبل دانیہ کو کون جانتا تھا۔

بشریٰ اقبال نے کہا کہ جب دانیہ ملک کی عامر لیاقت سے شادی ہوئی تو اُنہوں نے دانیہ ملک کا اسٹیٹس دیکھا جس میں لکھا ہوا تھا کہ میرا خواب ہے کہ میرے ایک ملین فالوورز ہوں۔

دانیہ اور عامر لیاقت کی خلع ہو چکی تھی:

بشریٰ اقبال نے دعویٰ کیا کہ 6 جون کو عامر لیاقت نے اپنے وکیل کے سامنے بیان ریکارڈ کروایا تھا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں عدالت دانیہ ملک کو خلع کی ڈگری جاری کر دے۔

بشریٰ اقبال کا عامر لیاقت کی دوسری اور تیسری شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ طوبیٰ اور دانیہ نے شادی کے بعد ایک نام بنایا اور یہ سب کے سامنے ہے لیکن اگر یہ چیز یہیں تک رہتی تو ٹھیک تھا مگر اِن سب نے عامر لیاقت کو ذہنی طور پر پریشان کیا جس کے سبب وہ ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے۔