اساتذہ کے مطالبات بلاتاخیرتسلیم کیے جائیں، پشتونخوامیپ

August 19, 2022

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے اساتذہ کے مطالبات سیاسی جمہوری پارٹیوں ، تاجر تنظیموں ودیگر کی جانب سے اعلان شدہ پروگراموں کی حمایت کرتے ہوئے پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اعلان شدہ پروگراموں کو مکمل طور پر کامیاب بنائیں۔ بیان میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بلاتاخیر اساتذہ کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے اور بھوک ہڑتال کو مذاکرات کے ذریعے ختم کیا جائے۔درایں اثناء پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کچلاک میں کالج کی زمین پر لینڈمافیا کی جانب سے قبضے اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی وسرپرستی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کالج کی زمین پر قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے علاقے کچلاغ میں محکمہ تعلیم (کالجز) کچلاغ کالج کی زمین پر لینڈ مافیا کی جانب سے دن دہاڑے چار دیواری تعمیر کی جارہی ہے جس کے خلاف علاقے کے معتبرین کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو بروقت اطلاع بھی دی گئی لیکن اس کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا بلکہ پولیس بھی اس چار دیواری سے باخبر ہے لیکن لینڈ مافیا کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے مسلسل گریزاں ہے۔ جبکہ محکمہ تعلیم کالجز کے حکام کی جانب سے بھی کالج کی زمین پر قبضے کیخلاف اب تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا جو قابل افسوس ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ کالج کی زمین پر قبضے میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مذکورہ زمین کو وا گزارکرایا جائے اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اسسٹنٹ کمشنرکچلاغ کی خاموشی کا نوٹس لیکر حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ۔