اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس نظام کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا، وزیر آئی ٹی

August 19, 2022

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے اسلام آباد و صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس نظام کمپیوٹرائزڈ کردیا۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کے مطابق 15 لاکھ سے زائد مجرموں کے کوائف، 65 لاکھ سے زائد جرائم کا نیشنل کرائم ڈیٹا بیس بنادیا ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید بتایا کہ اسمارٹ پولیسنگ سسٹم کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھایا جائے گا۔ اہم شہروں کے پولیس اسٹیشن کا ریکارڈ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے تھانوں کے 25 مختلف رجسٹرز کو آٹومیٹ کیا گیا ہے اور ایک لاکھ 69 ہزار 377 ایف آئی آرز اس سسٹم کے تحت رجسٹرڈ کی گئیں۔

امین الحق نے کہا کہ کمپلینٹس منیجمنٹ سسٹمز کے ذریعے 8 لاکھ 95 ہزار 899 عوامی شکایات درج کرائی جاچکی ہیں۔ کرمنل ریکارڈ آفس میں مجرموں کی شناخت اور ان کے جرائم کے ریکارڈ کا اندراج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بائیومیٹرک، جسمانی ساخت، سابقہ کرمنل ریکارڈ سمیت مجرموں کی دیگر معلومات کا ڈیٹا بنایا گیا ہے۔ کرائم اینالیٹکس سسٹم سے اب تک 5 لاکھ 24 ہزار 30 مجرموں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔