توہین الیکشن کمیشن‘ 3 سال قید بامشقت اور نااہلی ہوسکے گی

August 20, 2022

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد)توہین الیکشن کے نتیجے میں تین سال قید بامشقت اور نااہلی ہوسکے گی، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان‘ سیکرٹری جنرل اسد عمر اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو دستور پاکستان مجریہ 1973ء کے آرٹیکل 204کے تحت 30اگست کو صبح 11بجے الیکشن کمیشن ہیڈ آفس شاہراہ دستور اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جمعہ 19اگست کو جاری کئے گئے مذکورہ افراد کے نام نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ تینوں افراد 30 اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے روبرو ذاتی حیثیت سے یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سابق سیکرٹری کنور محمد دلشاد سے جب رابطہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے تینوں لیڈروں کیخلاف توہین عدالت کا الزام لگانے کی کیا وجہ ہو سکتی ہے تو اُنہوں نے جنگ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان‘ سیکرٹری جنرل اسد عمر اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان کی تضحیک و تذلیل اپنے جلسوں اور سیمینار‘ پارٹی کے اجلاسوں میں کرتے چلے آ رہے ہیں۔

دریں اثناء جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)سے مذکورہ تینوں پی ٹی آئی کے عہدیداروں کی مختلف مقامات پر کی گئی تقاریر کا آڈیو وڈیو اور طبع شدہ ریکارڈ حاصل کر لیا ہے جس کا گہرائی میں قانونی ماہرین نے جائزہ لیا ہے اور انکی تقاریر کے متن اور جملوں کو پاکستان کے آئینی ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ اور فاضل ممبران کی تضحیک و تذلیل قرار دیا ہے۔