سیلاب متاثرین نے آغا سراج درانی کو واپس جانے پر مجبور کردیا، ویڈیو وائرل

September 01, 2022

سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آغاسراج درانی کو شکارپور میں سیلاب متاثرین نے گھیر لیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرین نعرے لگاتے ہوئے آغا سراج درانی کو واپس جانے کا کہتے رہے۔

سیلاب متاثرین نے آغا سراج درانی سے سوال کیا کہ آپ نے ہمیں ٹینٹس بھی نہیں دیے، ہماری خواتین نے کھلے آسمان تلے رات گزاری ہے۔

آغا سراج درانی نے متاثرین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ نہیں بول رہے بلکہ کوئی اور بول رہا ہے۔

سیلاب متاثرین کے نعروں کے بعد آغا سراج درانی اپنی گاڑی میں سوار ہو کر واپس چلے گئے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ شکارپور کے بڈے کے علاقے میں گزشتہ روز سیلاب زدگان کی داد رسی کے لیے گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے کا جائزہ لینے گیا تھا لیکن سیاسی مخالفین نے نعرے لگانا شروع کر دیے۔