ملکہ برطانیہ کے تابوت کی حفاظت پر مامور شاہی محافظ بیہوش ہو کر گر پڑا

September 16, 2022

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے تابوت کی حفاظت پر مامور ’رائل گارڈ‘ سلامی کے دوران بیہوش ہو کر گر پڑا۔

96 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہونے والی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ملکہ برطانیہ کا تابوت بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر ایبے منتقل کیا گیا اور ملکہ کو سلامی دی گئی۔

ملکہ کے تابوت کو ایک اونچے مقام ’پوڈیم‘ پر رکھا گیا ہے، ملکہ کے تابوت کی حفاظت کے لیے 24 گھنٹے چاق و چوبند دستے مامور ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی رائل گارڈز کا دستہ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آگے بڑھتا ہے تو پوڈیم پر کھڑا ایک گارڈ اچانک سے بیہوش ہو کر نیچے گر جاتا ہے۔

گارڈ کے بے ہوش ہونے پر قریب کھڑے دوسرے محافظ دوڑتے ہوئے آکر بے ہوش گارڈ کو ہوش میں لانے کی کوشش شروع کر دیتے ہیں تاہم اس کے بیہوش ہونے کی وجہ ابھی منظر عام پر نہیں آئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے برطانوی فوج کی جانب سے پریڈ کی گئی اور ہائیڈ پارک میں توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔

دعائیہ تقریب میں بادشاہ چارلس سوئم سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔