شہباز شگری سے دھوکے پر آئمہ بیگ کا بیان سامنے آ گیا

September 22, 2022

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے شہباز شگری سے دھوکے سے متعلق اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا سوشل میڈیا پر جواب دیا ہے۔

گزشتہ شام آئمہ بیگ نے سوشل میڈیا پر ایک برطانوی ماڈل کی جانب سے مچائے گئے بھونچال پر لب کشائی کی ہے اور الزامات سمیت تنقید پر اپنا ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔


آئمہ بیگ کا خود پر تنقید کرنے والے انٹرنیٹ صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بغیر پورا سچ جانے آپ سب نے بول لیا یا ابھی کچھ اور باقی رہ گیا ہے، اگر باقی ہے تو پورا کرلیں، آپ کی اجازت ہو تو اب میں کچھ بولوں؟

انہوں نے اپنی طویل انسٹا گرام اسٹوری پر برطانوی ماڈل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگرچہ میں نے سارے معاملے کو انتہائی باعزت بیان کے ذریعے ختم کر دیا تھا مگر اس کے باوجود کچھ لوگوں کو خاموش رہنا چاہیے تھا کیونکہ ان الزامات کے بعد ناصرف اِن افراد سے متعلق بلکہ ان کی فیملی سے متعلق بھی بری چیزیں سامنے آئیں گی، میں اب بھی ان کی عزت کی خاطر خاموش رہنا چاہتی ہوں۔

آئمہ نے کہا ہے کہ محض ایک مخصوص انسان کے لیے میں نہ مرحوم لوگوں کا مذاق اڑاتی ہوں اور نہ ہی میں یہ کرنا چاہتی ہوں کیونکہ یہ میری پرورش نہیں ہے، کچھ لوگ اپنی شہرت کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں اور ظاہر کرتے ہیں جیسے کہ وہ مظلوم ہیں جبکہ اُن کے قریبی لوگ اُن کے اصلیت جانتے ہیں۔

آئمہ بیگ نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک بڑے صدمے سے گزر رہی ہوں، یہ جان کر ڈپریشن ہو رہا ہے کہ لوگوں کو اصل واقعہ معلوم نہیں ہے لیکن وہ لوگ جنہیں سستی شہرت، پیسے اور فالورز چاہئیں براہِ کرم انہیں دے دیں تاکہ وہ زندگی میں آگے بڑھیں۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میں سستی شہرت کے لیے دوسروں پر کیچڑ اچھالنے والوں میں سے نہیں ہوں جو سارے معاملے میں آگ لگا کر لوگوں کو مظلومیت کا کارڈ کھیلنے کا موقع دوں، میں نے پہلے کبھی اس موضوع پر بات نہیں کی، شاید ان لوگوں کو اپنی فیملی کی پرواہ نہیں اور نہ ہی اتنا وقار ہے کہ خود کی اصلیت قبول کر سکیں۔

آئمہ بیگ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ میمز کو بہت انجوائے کیا مگر یہ سب مذاق سے بہت دور ہے، یہ تو سراسر کسی کی ذات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لوگ جانچ پڑتال نہیں کرتے، پچھلے کچھ عرصے سے مجھے حیرت ہے کہ لوگ پورا سچ اور ان تصاویر کی اصل کہانی جانے بغیر کیسے ان تمام الزامات کا یقین کر رہے ہیں۔

گلوکارہ نے لکھا ہے کہ ایک چیز جو اس صدمے سے میں نے سیکھی ہے وہ یہ ہے کہ دنیا کو کبھی اپنی محبت کے بارے میں نہ بتائیں، چاہے وہ آپ کے ماں باپ ہی کیوں نہ ہوں، خود پر لگنے والے الزامات پر خاموش نہ رہیں اور نہ ہی لوگوں کو اپنی نرم طبیعت کا فائدہ اٹھانے دیں۔

انہوں نے صارفین کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ کبھی کسی کتاب کو اس کے کور سے جج نہ کریں، نہ کبھی اپنے سے بڑے فرد سے دوستی کریں، آپ نہیں جانتے کہ اس کے دماغ میں کیا چل رہا ہے۔

آئمہ بیگ نے آخر میں اس معاملے سے انجان افراد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگلے چند دنوں میں آپ سب کو سچ معلوم ہوجائے گا۔

آئمہ بیگ کے اکاؤنٹ پر گزشتہ شام پوسٹ کی گئیں یہ ساری اسٹوریز اب ہٹا دی گئی ہیں۔

انہوں نے رات گئے ایک اور اسٹوری شیئر کی جس میں اُن کا وائرل ویڈیوز، چیٹنگ کے اسکرین شاٹس اور وائس کالز سے متعلق کہنا تھا کہ یہ سب مجھ سے بلوایا گیا تھا، مجھے یہ سب بولنے کا کہا گیا تھا۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میں یہ نہیں کہتی کہ میں غلطیوں سے پاک انسان ہوں، مگر میں ایسی بھی نہیں ہوں جیسا مجھے پیش کیا جا رہا ہے، براہِ کرم یاد رکھیں کہ مشہور شخصیات بھی انسان ہی ہوتی ہیں۔

انہوں نے اپنی تازہ اسٹوری میں برطانوی ماڈل کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں اپنا یہ کیس انٹرنیٹ صارفین کے سامنے رکھتی ہوں۔

واضح رہے کہ آئمہ بیگ کی یہ وضاحتی پوسٹ اس وقت سامنے آئی ہے کہ جب کچھ روز قبل ایک برطانوی ماڈل طلولہ مائر نے دعویٰ کیا تھا کہ اِن کے سابق بوائے فرینڈ، فوٹو گرافر اور فلم ساز قیس احمد کے ساتھ آئمہ بیگ کے تعلقات تھے اور آئمہ نے ان تعلقات کی وجہ سے اپنے منگیتر کو دھوکا دے کر رشتہ توڑا ہے۔