ایسا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے: ایاز امیر

September 23, 2022


بیٹے کے ہاتھوں بہو کے قتل کے واقعے کے حوالے سے سینئر صحافی ایاز امیر نے کہا ہے کہ ایسا واقعہ کسی کے ساتھ پیش نہ آئے، یہ صدمہ کسی کو اٹھانا نہ پڑے۔

یہ بات سینئر صحافی ایاز امیر نے واقعے کے حوالے سے شہزاد ٹاؤن فارم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صحافی نے ان کے بیٹے سے متعلق سوال کیا کہ ایسا کہا جا رہا ہے کہ شاہ نواز نشے میں تھا؟

ایاز امیر نے جواب دیا کہ قانونی معاملہ ہے، اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں؟

ایاز امیر کے بیٹے کے ہاتھوں بیوی کا قتل

واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے اپنی بیوی سارہ کو گھر میں قتل کر دیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے، جو بھی حقائق سامنے آئے وہ شیئر کیے جائیں گے۔

مقتولہ سارہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی جگہ کا فارنزک مکمل کر لیا گیا ہے۔