بھارتی فوج شکست کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے لگی جس کے بعد پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھر بھارتی جارحیت میں پہل کے بعد پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کر کے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ میں سول آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔
بھارتی فوج نے شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کے بلااشتعال فائرنگ کرنے پر پاک فوج نے بھی پھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں کئی بھارتی چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ اور بٹالین ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا گیا ہے۔ حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوجی اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس بھی مکمل تباہ کردیا گیا ہے۔
کیلر سیکٹر میں دشمن کی مہیری پوسٹ خالصہ ٹاپ اور رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ بھی تباہ کردی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے تازہ ترین حملوں میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
افواجِ پاکستان نے بھارت کے 77 ڈرونز تباہ کردیے
علاوہ ازیں پاکستان کے مختلف شہروں میں آج بھی بھارت کے کئی ڈرونز تباہ کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 مئی کی شام تک 29 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا گیا جبکہ کل رات سے آج دن تک مزید 48 ڈرونز تباہ کردیےگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ میں اسرائیلی ساختہ 6 بھارتی ڈرون تباہ کردیے گئے ہیں۔
ایک ڈرون کو وہاڑی، ایک پاکپتن اور 4 ڈرونز کو اوکاڑہ میں تباہ کیا گیا جس کے بعد اب تک دشمن کے کُل 35 ڈرونز کو تباہ کیا جاچکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ڈرونز مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیے جارہے تھے، جب بھی کوئی ڈرون آتا تو وہ مسلسل ریڈار پر دیکھا جارہا ہوتا ہے۔