پیٹرول، ڈیزل کی ڈی ریگولیشن پر کام شروع کردیا، چیئرمین اوگرا

September 23, 2022

چیئرمین اوگرا مسرور خان نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی ڈی ریگولیشن کےلیے کام شروع کردیا ہے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس سینیٹر عبدالقادر کی زیر صدارت پارلمینٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں چیئرمین اوگرا نے شرکاء کو پیٹرول اور ڈیزل کی ڈی ریگولیشن سے متعلق آگاہ کیا۔

اس پر سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی ڈی ریگولیشن سے کمپنیوں کو لوٹ مار کی اجازت مل جائے گی۔

چیئرمین اوگرا نے دوران اجلاس بتایا کہ پیٹرول پر لیوی 37روپے 42 پیسے اور ڈیزل پر لیوی 7 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہے۔

اس پر سیکریٹری پیٹرولیم نے اجلاس میں کہا کہ اپریل تک پیٹرولیم لیوی کو 50 روپے فی لیٹر تک لے جایا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا فی الحال پیٹرولیم مصنوعات پرجی ایس ٹی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پی پی ایل مقامی لوگوں کو زیادہ نوکریاں دے۔

اجلاس میں کمیٹی نے سوئی میں مقامی لوگوں کو نوکریاں فراہم کرنے کےلیے ذیلی کمیٹی قائم کردی۔