ٹوئٹر ڈیل کا مقدمہ، ایلون مسک سے تفتیش کی تفصیلات سامنے آگئیں

September 29, 2022

ایلون مسک، فائل فوٹو

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک سے ٹوئٹر کے وکلاء کی جانب سے تفتیش کی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، تفتیش کے دوران ایلون مسک نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر لگائے جعلی اکاؤنٹس کی تعداد غلط بتانے کے الزامات کی پشت پناہی نہیں کی۔

ٹوئٹر کے وکیل بریڈلی ولسن نے ڈیلاویئر جج کو بتایا کہ ’ایلون مسک کے ملازم، دو ڈیٹا سائنٹسٹس سے حاصل کی گئی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے جولائی کے آغاز میں ہی اندازہ لگایا تھا کہ پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد 5.3 فیصد اور 11 فیصد ہے‘۔

وکیل کا کہنا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی ایسا تجزیہ ابھی تک سامنے نہیں آیا کہ جس سے ہم یہ بتا سکیں کہ ایلون مسک نے کس بنیاد پر ٹوئٹر ڈیل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔

البتہ، ایلون مسک اور ان کے وکیل نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان عدالتی جنگ جاری ہے، ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک پر 54.20 ڈالرز فی شیئرکےحساب سے کی گئی ٹوئٹر ڈیل کو پورا کرنے کے لیے عدالت کی مدد سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اگلے ماہ 17 تاریخ سے ولیمنگٹن میں ڈیلاویئر کی کورٹ آف چانسری میں اس مقدمے کی سماعت کا آغاز ہونے والا ہے۔