سوشل میڈیا پر ایپک گیمر گرینڈما (Epic Gamer Grandma) کے نام سے مشہور ایگنس 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق وہ اتوار کے روز اسپتال میں خاندان کی موجودگی میں انتقال کر گئیں۔ انہیں اکتوبر میں فالج کا حملہ ہوا تھا۔
ایگنس کے پوتے ڈیلن کنگ نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ ان کی دادی صرف آن لائن شخصیت نہیں تھیں۔ ہم اس عورت پر فخر کرتے ہیں جو وہ سوشل میڈیا سے بہت پہلے تھیں، ایک ماں اور دادی جنہوں نے ہمارے خاندان کو جوڑے رکھا اور ایک ایسی خاتون جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ زندگی کسی بھی عمر پر ختم نہیں ہوتی، بس اپنی شکل بدلتی ہے۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک پر ایگنس کے 24 لاکھ فالوورز اور 8 کروڑ 10 لاکھ لائیکس تھے۔ ان کی ویڈیوز میں ویڈیو گیمز کھیلنا، مزاحیہ فلٹرز اور ساؤنڈ بورڈ کلپس شامل تھے۔
مداح انہیں محبت سے ’کفنگ گرین‘ کہتے تھے، یہ لقب انہوں نے اپنی دائمی بیماری سی او پی ڈی کے بارے میں کھل کر بات کرنے کی وجہ سے پایا۔
ایگنس نے صرف ہنسی ہی نہیں بانٹی بلکہ زندگی کی تلخ حقیقتوں پر بھی دیانت داری سے بات کی۔ انہوں نے شوہر جارج کی وفات کے بعد اپنے غم، اور اپنی صحت سے متعلق اپ ڈیٹس شیئر کیں، جس سے لاکھوں افراد کو حوصلہ اور امید ملی۔
ایگنس کی وفات پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کے ذریعے ایک ایسی دادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جس نے عمر کی قید توڑ کر خوشی، سچائی اور حوصلے کی مثال قائم کی۔