دل کی حفاظت کریں

September 30, 2022

دنیا بھر میں امراض قلب سے آگاہی، نئی تحقیق، علاج کے جدید طریقے متعارف کرانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی جانب خصوصی توجہ دلانے کیلئے ہر سال عالمی یوم قلب منایا جاتا ہے۔ اس بار یہ دن نئے تھیم ’’ہر دل کیلئے دل کا استعمال کریں‘‘ کے ساتھ گزشتہ روز منایا گیا۔ مختلف تقاریب میں طبی ماہرین نے وہ بنیادی معلومات عام کیں جو دل کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی سب سے بڑی وجہ قلب کے عوارض ہیں جن کے باعث سالانہ تقریباً ایک کروڑ 80لاکھ افراد زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔ کم آمدنی ذہنی دبائو، سہل پسندی، بسیار خوری ، ذیابیطس ، ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور تمباکو نوشی امراض قلب میں اضافے کا بڑاسبب ہیں۔ ماہرین نے اس تاثر کو بھی رد کیا ہے کہ صرف بڑھتی عمر کے ساتھ ہی امراض قلب کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے ۔ اب دل کی بیماریوں کیلئے خاص عمر اور جنس کی تفریق نہیں رہی۔ ایک تحقیق کے مطابق گزشتہ دو برس میں کورونا کی وبا کے دوران نوجوانوں میں خصوصاً تیس سے چالیس برس کی عمر کے ہارٹ اٹیک کے کیسز زیادہ رپورٹ ہوئے۔ جن کے بڑے اسباب بیروزگاری، راتوں کو جاگنا، پُر تشدد ان ڈور ویڈیو گیمز، اپنوں سے دوری، تمباکو نوشی اور ای سگریٹس کا استعمال سامنے آئے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کا عارضہ کبھی اچانک لاحق نہیں ہوتا، کوئی نہ کوئی علامت مرض کی نشاندی کرتی رہتی ہے۔ جن میں سینے میں درد اور دبائو، سانس لینے میں دشواری ، سینے کے درد کا بائیں بازو کی طرف جانااور ٹھنڈے پسینہ وغیرہ آناشامل ہیں۔ لیکن آگہی کے فقدان کے سبب ان مخصوص علامات پر دھیان ہی نہیں دیا جاتا۔عارضہ قلب سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ عارضہ قلب کی علامت ظاہر ہونے پر فوری طبی معائنہ کرایا جائے۔ دل زندگی ہے اور زندگی کی حفاظت کرنی چاہئے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998