علیم خان کئی روز سے کردار کشی کر رہے ہیں، میاں اسلم اقبال

October 02, 2022

سینئر وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ علیم خان کئی روز سے میری کردار کشی کر رہے ہیں، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، بلاتفریق کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مجھے 25 سال سے جانتے ہیں، ایسے ہی ووٹ نہیں دیتے، علیم خان آپ کئی روز سے میری کردارکشی کر رہے ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ 30 سال سے لاہور اور صوبے میں قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ رکھے ہیں، قبضہ مافیا کی گردن اتنی موٹی ہوگئی ہے کہ قانون کے پھندے چھوٹے پڑ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا جب چاہے جہاں چاہے جس کو چاہے خرید سکتا ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ لاہور کے مالک ہیں، جو مرضی ہے کرلیں۔