غیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن کرنیوالی ٹیم پر حملہ،سیکیورٹی گارڈ زخمی

October 03, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن کے دوران ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران پر حملہ، سکیورٹی گارڈ شدید زخمی، تھانہ سنگجانی پولیس کو عمر نے رپورٹ درج کرائی کہ 22ستمبر کو ڈپٹی کمشنر، ڈائریکٹر لینڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ، انفورسمنٹ ٹیم ہائوسنگ اتھارٹی 801روڈ (ٹھلا روڈ) برائے سروے اور جائزہ غیر قانونی تعمیرات موقع پر پہنچے۔ ڈپٹی کمشنر نے اورنگزیب اور مسعود سے کہا کہ آپ کو دیا گیا وقت آج ختم ہو گیا ہے اور تاحال غیر قانونی مکان مسمار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مشین منگوا کر غیر قانونی مکان خالی کروا کر ایک کمرہ مسمار کروانا شروع کیا جس پر مسعود نے انصر، دانش سہیل، محمد رزاق اور دیگر پانچ چھ افراد کے ہمراہ ڈنڈوں‘ پتھروں اور آہنی راڈز سے جان لیوا حملہ کر دیا۔ دانش اور انصر نےسکندر حیات سکیورٹی گارڈ کو مارا جس سے اسکے سر سے خون بہنے لگا اور وہ بیہوش ہو گیا۔ انفورسمنٹ ٹیم نے ڈی سی کو موقع سے بحفاظت نکال لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔