جعل سازی سے 510کنال سرکاری زمین ہتھیانے کے الزام میں ملوث پٹواری کی عبوری ضمانت خارج

October 04, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج محمد مسرور زمان نے جعل سازی کے ذریعے 510 کنال سرکاری زمین ہتھیانے کے الزام میں ملوث پٹواری طاہر محمود بھٹی کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ موضع بملوٹ تحصیل کہوٹہ کے پٹواری پر الزام ہے کہ اس نے کاغذات میں ردوبدل کرتے ہوئے انتہائی قیمتی یہ زمین شریک ملزم صداقت حسین کے نام پر منتقل کر دی تھی، متاثرہ شخص محمد عظیم نے 2019میں تھانہ انٹی کرپشن میں درخواست دی جس کا مقدمہ 2022میں درج ہوا تو ملزم نے گزشتہ ماہ عبوری ضمانت کروا لی تھی، دوران سماعت مدعی مقدمہ کے وکیل سید عاطف حسین شاہ گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ 2016میں اپنی تعیناتی کے دوران چوبیس جون کو ملزم پٹواری نے کاغذات میں ردوبدل کر اپنے ساتھی صداقت حسین کو 1964 میں اس زمین کا مالک ٹھہرا رکھا ہے جبکہ صداقت حسین کی تاریخ پیدائش ہی 1980ہے، دوران سماعت عدالت کو بھی بتایا گیا کہ ملزم نے اس جعل سازی کے ساتھ ساتھ 2016میں ہی بذریعہ فرد بدر دیگر حصہ داران کے حصہ کو بھی کم کیا جس کا ایک متاثرہ شخص میرا موکل محمد عظیم ہے جس نے شریک ملزم صداقت حسین کے ساتھ زمین کی خریداری کا سودا کیا اور جب کاغذات کی چھان بین کی گئی تو ساری جعل سازی سامنے آئی اور اس سے بڑھ کر یہ کہہ پٹواری کے ساتھ ساتھ اسی روز حلقہ گرداور وتحصیلدار نے بھی ان جعلی اور فرضی کاغذات کی تصدیق کر دی تھی۔ عدالت نے مدعی کے وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت خارج کر دی۔