الیکشن کمیشن، کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی حکومتی درخواست مسترد

October 05, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کی درخواست مستر د کردی ہے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات23 ؍ اکتوبر کو ہی ہونگے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنا صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کراچی میں الیکشن کے دوران پولیس تعیناتی یقینی بنائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذوری ظاہر کی تھی اور کہا تھاکہ پولیس نے تین ماہ کیلئے انتخابات میں سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی ہے، کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں تین ماہ کے لیے انتخابات مؤخر کیے جائیں تاہم الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کراچی میں بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ پر کرانے کا فیصلہ کردیا۔

واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں 23 اکتوبرکو بلدیاتی انتخابات کرانےکا اعلان کر رکھا ہے۔