سب اپنے سائفر بھیجتے ہیں پاکستان کوئی انوکھا ملک نہیں، فواد حسن

October 07, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ سب ملک اپنے اپنے سائفر بھیجتے ہیں پاکستان کوئی انوکھا ملک نہیں ہے۔ صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ تحقیقات میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تب بھی عمران کو فوراً فرق نہیں پڑے گا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام” آپس کی بات “میں گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ شاہ خاور اور تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے بھی اظہار خیال کیا۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان منیب فاروق نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی دلچسپی ہے یا نہیں ہے یہ سائفر والا معاملہ پاکستان کے علاوہ دنیا میں شاید کوئی ملک ہوجہاں اس معاملے کو اتنی طول دی گئی ہو اور اس معاملے کو سیاسی بحث میں لایا گیا ہو۔ عمران خان نے غلطی کی انہوں نے یہ سلسلہ شروع کیا اور یہ سلسلہ ختم نہیں ہورہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آج ایک پریس کانفرنس کی اور انہوں نے عمران خان کو غدار بھی گردان دیا اور یہ بھی کہا کہ عمران خان ایک فراڈ ہیں۔ سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے مزید کہا کہ کسی بھی سائفر کی بنیاد پر یہ فیصلہ کرلینا یا اس کو ایک شہادت کے طور پر قبول کرلینا کہ یہ ایک شہادت کا ثبوت ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ بنیادی طور پر یہ ایک مفروضہ تو ہوسکتا ہے لیکن حقیقت کا دور سے بھی شائبہ نہیں ملتا۔