رضا ربانی نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کر دی

October 14, 2022

سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کر دی۔

جاری کیے گئے بیان میں سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکنان اور جماعتوں کا اسٹیبلشمنٹ سے اختلافِ رائے ہو سکتا ہے، تاہم ایک مخصوص شخص پر تنقید معاملہ خراب کر دیتی ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے پہلے ہی ریڈ لائن کھینچ دی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ سیاسی جماعتیں اس سے کم کی زیادہ بھاری قیمت ادا کر چکی ہیں۔

سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے یہ بھی کہا ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری کا کوئی جواز پیدا نہیں ہوتا۔

اعظم سواتی کو کیوں گرفتار کیا گیا؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کے سائبر کرائمز سیل کی جانب سے رات گئے سوشل میڈیا پر متنازع بیان دینے پر پی ٹی آئی کے رہنما، سینیٹر اعظم سواتی کو مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ایف آئی اے کی جانب سے اعظم سواتی کو کل عدالت میں پیش کر کے ان کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

عدالت نے اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔