کم عمر لڑکی اسمارٹ فون خریدنے کی خاطر خون بیچنے اسپتال پہنچ گئی

October 20, 2022

فائل فوٹو

سوشل میڈیا پر اکثر جدید اور مہنگے اسمارٹ فونز کے لیے گردے فروخت کرنے جیسے میمز تو اکثر دیکھے اور سننے ہوں گے لیکن آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ بھارت کی 16 سالہ لڑکی نے اسے سچ کر دکھایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ لڑکی اسمارٹ فون خریدنے کی خاطر اپنا خون بیچنے اسپتال پہنچ گئی۔

اسپتال عملے کو اس وقت شک ہوا جب لڑکی نے خون دینے کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا تو اسپتال کے عملے نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر چائلڈ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی۔

چائلڈ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے اطلاع موصول ہوتے ہی فوراً اسپتال پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کی تو خون فروخت کرنے کی اصل وجہ معلوم ہوئی۔

چائلڈ کیئر کے مطابق دوران تفتیش معلوم ہوا کہ لڑکی نے آن لائن اسمارٹ فون کا آرڈر دیا ہوا ہے لیکن پیسوں کا بندوبست نہ ہونے کے باعث اسے خون فروخت کرنے کا خیال آیا۔