برٹش پاکستانی فائنل میں کس ٹیم کو سپورٹ کرینگے؟ ویڈیو وائرل

November 13, 2022

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج میلبرن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، اس موقع پر برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں سے متعلق ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

برٹش پاکستانیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں 4 افراد اس بات کا فیصلہ کرتے نظر آتے ہیں کہ اُنہیں آج ایونٹ کے فائنل میں کس ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، جبکہ ویڈیو میں 3 افراد پاکستانی جھنڈے تھامے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسلمان برطانوی شہری وہاں رہنے والے ایک پاکستانی سے یہ سوال پوچھتا ہے کہ ہمیں آج کس ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیئے، پاکستان کو یا انگلینڈ کو؟

اس سوال کےجواب میں پاکستانی کو مضحکہ خیز انداز میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ یہ بہت ہی دلچسپ سوال ہے کیونکہ ایک طرف تو ہمارے پاس دنیا کا ایک وہ ملک ہے جو لاکھوں غریب مسلمانوں کا گھر ہے اور دوسری طرف ہمارے پاس پاکستان ہے۔

پاکستانی کا جواب سن کر برطانوی مسلمان یہ کہتا ہے کہ میں تو برطانوی ہوں تو مجھے لگتا ہے....۔

برطانوی مسلمان شہری کی بات مکمل نہیں ہوتی کہ پاکستانی اس کی بات کاٹتے ہوئے کہتا ہے کہ آپ مسلمان ہیں، اس لیے آپ کو پاکستان کو سپورٹ کرنا چاہیے۔