عمران خان پر حملے کی تحقیقات: جے آئی ٹی کاغذ کے ایک پرچے تک محدود

November 15, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی صرف کاغذ کے ایک پرچے تک محدود ہے۔

جے آئی ٹی ارکان کو اب تک پنجاب حکومت یا آئی جی آفس نے باضابطہ آگاہ ہی نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب فیصل شاہکار 14روز کی چھٹیوں پر بیرون ملک ہیں، قائم مقام آئی جی کنور شاہ رخ کی جانب سے تفتیش کا حکم جاری نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم نوید گوجرانوالا پولیس کے پاس ہے، جس کی اب تک نہ تو گرفتاری ڈالی گئی ہے اور نہ ہی اسے عدالت میں پیش کیا جا سکا ہے۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔