ملاکھڑا کے 2 مغوی کھلاڑی بازیاب نہ ہوسکے

November 20, 2022

فائل فوٹو

رحیم یار خان میں دو روز قبل اغوا کیے گئے ملاکھڑا کے دو کھلاڑیوں کو اب تک بازیاب نہ کرایا جاسکا، حلقے سے پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ نے اغوا کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

اہل خانہ کے مطابق دو روز قبل پہلوان اور ملاکھڑا کے کھلاڑی ہاشم خان اور راحیل خان نجی شوگر مل میں ملاکھڑا کھیلنے گئے تھے کہ لاپتہ ہوگئے۔

دونوں کی تلاش کرنے پر ماہی چوک پر سڑک پر صرف ان کی موٹر سائیکل ملی۔

اطلاع ملی کے دونوں کو ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا ہے، کوٹ سبزل پولیس کے مطابق پہلوان ہاشم کے والد کی مدعیت میں دو روز قبل ہی مقدمہ درج کرکے مغویوں کی بازیابی کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری طرف رحیم یار خان سے پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ نے الزام عائد کرتے ہوئے اغوا کی وارداتوں کو پولیس اور ڈاکوؤں کی ملی بھگت قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ دو ایس ایچ او ڈاکوؤں کے ساتھ ملکر اغوا کی وارداتیں کرارہے ہیں۔ مغوی بازیاب نہ ہوئے یا ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی تو صبح بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔