روزانہ 8؍ گلاس پانی پینے کا بیانیہ پرانا ہوگیا

November 25, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) ماہرین ہمیشہ سے ہی یہ تجویز دیتے رہے ہیں کہ روزانہ 8؍ گلاس پانی پینا انسانی صحت کیلئے ضروری ہے تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہر انسان کیلئے پانی کی ضروری مقدار مختلف ہے۔ برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ میں ماہرین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 8؍ گلاس روزانہ پانی پینے کے حوالے سے سابقہ دانشمندانہ رائے کو وسیع پیمانے پر دنیا بھر میں قبول کیا جا چکا ہے لیکن تازہ ترین تحقیق یہ بتاتی ہے کہ ہر انسان کے جسم میں پانی کی ضرورت مختلف ہوتی ہے۔ کئی لوگوں کو صرف ڈیڑھ سے 1.8؍ لٹر یعنی سابقہ مجوزہ حد (دو لٹر) سے کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بایو میڈیکل اینوویشن، ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن جاپان کے محقق یوسوکے یامادا کا کہنا ہے کہ سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کرنے سے معلوم ہوتا ہےکہ روزانہ آٹھ گلاس یعنی دو لٹر پانی پینے کے کوئی فوائد سامنے نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہرین کو تو یہ بھی نہیں معلوم کہ یہ مقدار کس نے تجویز کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ تجویز میں شاید اس بات کو نظر انداز کیا گیا تھا کہ کھانے پینے کی کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن میں پانی کی مقدار موجود ہوتی ہے جو جسمانی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے کافی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کھانے میں ڈبل روٹی، گوشت کی پٹیاں اور انڈے لیں گے تو یقیناً آپ کے جسم کو پانی کی ضرورت ہوگی لیکن اگر آپ گوشت، سبزیاں، مچھلی، پاستا اور چاول جیسی خوراک لیں تو آپ کے جسم کو 50؍ فیصد پانی انہی کھانوں سے مل جاتا ہے۔ سائنس میگزین میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں 8؍ سے 96؍ سال کی عمر کے 23؍ ملکوں کے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد افراد پر تجربات کیے گئے اور ان کے جسم پر پانی کی مختلف مقدار کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق کے نتیجے میں ہی پانی کے حوالے سے سابقہ تجویز کو مسترد کیا گیا۔