موٹروے اراضی خریداری میں اربوں کا اسکینڈل‘ تحقیقات شروع

November 25, 2022

کراچی (این این آئی)حیدرآباد، سکھر موٹر وے اراضی خریداری میں اربوں روپے کے کرپشن اسکینڈل پر ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دی۔فراڈ میں ملوث افسران کے بیرون ملک فرار کو روکنے کے لیے ان کے کوائف بھی ایف آئی اے امیگریشن کو ارسال کر دیے گئے، ارسال ناموں میں ڈی سی نوشہروفیروز تاشفین عالم، سابق ڈی سی مٹیاری عدنان رشید، منصور علی اور میر محمد سہاگ کے کوائف شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے حیدرآباد، سکھر موٹر وے اراضی خریداری میں 12 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون ٹو عبدالحمید بھٹو نے ایڈیشنل ڈائریکٹر حیدرآباد اور قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے شہید بے نظیر آباد کو فوری تحقیقات کی ہدایات جاری کر دیں۔دونوں افسران کو جاری مراسلے میں انکوائری افسر کی فوری تعیناتی اور تحقیقات کے لیے کہا گیا ہے۔