انجمن حمایتِ اسلام نے محمود بھٹی کو اعزازات واپس کرنے سے روکدیا

November 27, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)پیرس میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل، معروف فیشن ڈیزائنر ستارہ امتیاز محمود بھٹی نے کہا ہے کہ انجمن حمایتِ اسلام کی بہبودی اور تعلیمی خدمات کی شہرت پوری دنیا میں ہے ، میں بھی اس کے اعلیٰ مقاصد سے بے حد متاثر ہوں۔ انھوں نے سیّد ضیا حیدر رضوی کی صدارت میں منعقدہ انجمن حمایتِ اسلام کے اجلاس میں شرکت کی،دیگرشرکاے اجلاس میں سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر، سیکرٹری فنانس مرزا خادم حسین جرال، آڈیٹر جنرل مدثر لطیف راں، چیئرمین دارالشفقت کمیٹی سہیل محمود بٹ اور چیئرمین جایداد کمیٹی میاں زاہدجاوید کے علاوہ میاں امجد فرزند اور نعیم اشرف رانا بھی شامل تھے۔ محمود بھٹی نے انجمن حمایتِ اسلام کے صدر اور سیکرٹری جنرل کو مل کر یتامیٰ کی خدمت اور تعلیمی اداروں کی اعانت کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے روہی نالہ ملتان روڈ پر واقع اراضی کو انجمن حمایتِ اسلام کے نام وقف اور عطیہ کرنے کا عزم کیا، جس پر سیّد ضیا حیدر رضوی نے یہ معاملہ لیگل ایڈوائزر اور ریٹائرڈ ججز پر مشتمل لیگل کمیٹی کو قانونی جائزے اور کارروائی کے لیے ریفر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 139برس میں کئی ایک مخیر خواتین و حضرات اپنی قیمتی جایدادیں انجمن حمایتِ اسلام کے بہبودی اور تعلیمی مقاصد کے لیے عطیہ کر چکے ہیں ، میاں امجد فرزند نے حمایتِ اسلام دارالشفقت کے بچوں اور بچیوں کے لیے لکی ایرانی سرکس کا شو کرنے کی پیشکش کی، جس پر شرکا نے اظہارِ مسرت کیا۔ سیّد ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ محمود بھٹی کو اپنے دکھی جذبات پر قابو پانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بعض اوقات انسان کسی حقیقی رشتہ د ار کی خودغرضی اور طمع پرستی یا معاشرتی ناانصافی کے باعث پورے ملکی نظام اور اداروں سے مایوس ہو کر شکوہ کناں ہوتا ہے۔ انھوں نے محمود بھٹی کو فرانس میں اپنا عہدہ نہ چھوڑنے، اپنا قومی اعزاز واپس نہ کرنے اور پاکستان میں طلبہ و طالبات اور یتامیٰ کے لیے مالی اعانت و امدادی سرگرمیاں ترک نہ کرنے اور وقتی غم و اندوہ پر قابو پانے اور صبر و شکر کرتے رہنے کی تلقین کی۔