کراچی کیلئے اپنا میئر منتخب کرانا ہمارا حق ہے، بلاول بھٹو زرداری

November 30, 2022

پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے اپنا میئر منتخب کرانا اور شہر کے مسائل حل کرنا ہمارا حق ہے۔

نشتر پارک میں پی پی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کراچی کی پیپلز پارٹی نے دل جیت لیا ہے، یہاں عوام کا جوش دیکھ کر امید ہے کہ اگلا میئر بھی جیالا ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت کی نہیں امید کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم نے ایک دو نہیں، تین آمروں کو بھگایا ہے۔

پی پی کے شریک چیئرمین نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے فیصلہ کیا تھا کہ اس سال یوم تاسیس ضلعوں میں منائیں گے، آج نشتر پارک کراچی کے شہریوں سے بھرا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی ناک کے نیچے بلدیاتی انتخابات جیت چکے ہیں، اس میدان میں بیٹھا ہوا، ایک جیالا اس شہر کا میئر منتخب ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ہر طبقے کو معاشی انصاف دلایا ہے، پیپلز پارٹی نفرت اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے، ہم تو امید اور یکجہتی پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جنگ ہارنے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو نے ملک سنبھالا تھا، ہاری ہوئی قوم کو امید دلائی اور اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 90 ہزار جنگی قیدی واپس لے کر آئے، 5 ہزار مربع کلومیٹر زمین شہید بھٹو کامیاب خارجہ پالیسی سے واپس لائے، آج اسی 5 ہزار مربع میٹر زمین سے کالا سونا کوئلہ نکل رہا ہے۔