آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا

December 03, 2022

فائل فوٹو

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

آج پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع راولا کوٹ، باغ، پلندری اور حویلی میں انتخابات ہو رہے ہیں۔

راولاکوٹ کے 2 مقامات پر ہنگامہ آرائی، پولنگ متاثر

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، راولاکوٹ میں 2 مقامات پر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پولنگ کا عمل متاثر ہو گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راولاکوٹ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران 2 مقامات پر ہنگامہ آرائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پولنگ کا عمل متاثر ہو گیا ہے۔

پولیس نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 30 لوئرناموٹہ اور پولنگ اسٹیشن 62 کوئیاں کے مقام پر 2 گروپوں میں ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔

سدھنوتی آزاد کشمیر میں 2 افراد گرفتار، اسحلہ برآمد

سدھنوتی آزاد کشمیر کے ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر31 کال بن میں 2 افراد کو گرفتار کیا ہے، گرفتار افراد سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ڈی ایس پی نے کہا کہ گرفتار افراد سیاسی جماعت کے رہنما کے گارڈ ہیں، جنہیں تھانے منتقل کر دیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ چاروں اضلاع کی 787 نشستوں پر انتخابات میں 8 خواتین سمیت 3 ہزار 859 امیدوار مدمقابل ہیں۔

ووٹنگ کے لیے 1 ہزار 867 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں 9 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔