• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی الیکشن، مظفر آباد ڈویژن میں ن لیگ فاتح، نیلم جہلم اضلاع میں PTI کو برتری

مظفر آباد ( نمائندہ جنگ،جنگ نیوز)بلدیاتی الیکشن،مظفر آباد میں ن لیگ12،PTI8،پی پی اور آزاد امیدوار 7،7 نشستوں پر کامیاب،ضلع کونسل جہلم میں پی ٹی آئی10،ن لیگ5،پی پی 3،ضلع کونسل نیلم میں PTIسات،ن لیگ3،پی پی3،دوآزادامیدوار فاتح،راجہ فاروق نےٹاؤن کمیٹی میں 100فیصد کامیابی حاصل کی ، ن لیگی صدر شاہ غلام قادر اور پی پی رکن اسمبلی اپنی آبائی یونین کونسل ہارگئے.

آزاد کشمیر میں 31سال بعدہونےوالے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں سخت سردی اور برفباری کے باوجود لوگوں کا جوش و خروش دیکھا گیا۔

تفصیلات کےمطابق غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق میونسپل کارپوریشن مظفر آباد میں ن لیگ 12 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر، تحریک انصاف 8، پیپلز پارٹی اورآزاد امیدوار7،7نشستوں جبکہ مسلم کانفرنس 2نشستوں پر کامیاب ہوئی،آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے 5امیدواروں کے بارے میں بتایا جاتا ہےکہ تحریک انصا ف نے ان کے مدمقابل کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا۔

ضلع کونسل جہلم کی 18 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 10، مسلم لیگ ن نے 5جبکہ پیپلز پارٹی نے 3نشستیں حاصل کیں۔ اسی طرح ضلع کونسل نیلم کی 15نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف نے 7، مسلم لیگ ن نے 3، پاکستان پیپلز پارٹی نے 3جبکہ 2آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

 سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اپنی ٹاؤن کمیٹی میں 100فیصد کامیابی حاصل کرلی جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر اور پیپلز پارٹی کے ممبر اسمبلی اپنی آبائی یونین کونسل ہارگئے۔

مظفر آباد کی41یونین کونسلوں میں پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے، مجموعی طور پر الیکشن پرامن رہے انتہائی کم پولیس نفری کیساتھ الیکشن ہوئے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد کچھ مقام پر ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔

پولنگ مجموعی طور پر پر امن ماحول میں ہوئی تاہم مظفر آباد کی یونین کونسل انوار شریف کے پولنگ اسٹیشن پر 2 گروپوں میں تصادم ہوا ،واقعے میں ایک پولیس اہل کار اور 2افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

وادی نیلم کی گریس ویلی میں برف جمع ہے اور سخت سردی ہونے کے باوجود پولنگ کا عمل جاری ر ہا ،ووٹرز کی بڑی تعداد نے اپنا حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے575، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے 545اور مسلم لیگ ن کے 465امیدوار انتخابی میدان میں اترے ہیں۔آزاد کشمیر کی سب بڑی سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کے صرف 113 امیدواروں نے حصہ لیا۔تحریکِ لبیک نے 67اور جماعتِ اسلامی نے 46امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جبکہ آزاد امید وار کے طور 900امیدوار بھی میدان میں تھے۔

اہم خبریں سے مزید